بنگلور 5جنوری (ایس او نیوز) بنگلورو ڈیولپمنٹ اتھار ٹی ( بی ڈی اے) نے شہر کے مختلف علاقوں میں کنڑا ذریعہ تعلیم کے اسکول قائم کرنے کے مقصدسے شہری سہولت ( سی اے) کے تحت سائٹ حاصل کی گئی تھیں۔ سی اے کے تحت حاصل کردہ شہر کے 7تعلیمی ادارے اس اراضی کودیگر مقاصد کے لئے استعمال کرنے کاانکشاف ہواہے۔ 7تعلیمی اداروں نے سی اے کے تحت سائٹ حاصل کرنے کے بعد دیگر مقاصد میں استعمال کرنے کے لئے طے شدہ اصول وشرائط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ چند تعلیمی ادارے سی اے سائٹس کویوں ہی خالی چھوڑدیتے ہیں جبکہ دیگر چند ادارے سائٹ تقسیم کے اصول وضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انگریزی ذریعہ تعلیم کے اسکول بنائے ہوئے ہیں۔ اس بات سے آگہی کے بعد بی ڈی اے نے متعلقہ تعلیمی اداروں کو شوکاز نوٹس جاری کیاہے اور سی اے سائٹ الاٹمنٹ 1999ء دفعہ کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں کارروائی کرنے کا انتباہ دیاہے۔ اس ضمن میں کنڑا ترقی اتھارٹی نے بی ڈی اے پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ سی اے کے سائٹ حاصل کرکے خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کوصرف وجہ بتاؤ نوٹس جاری کرناکافی نہیں ہے۔ کنڑا کے نام پر سی اے سائٹ حاصل کرکے انگریزی ذریعہ تعلیم سے اسکول چلارہے 7تعلیمی اداروں کو کس قسم کی سزا دی جائے گی، اس سلسلہ میں 15دنوں کے اندر جواب دینے کیلئے بی ڈی اے کومکتوب روانہ کیاجائے گا۔ کنڑا ترقیاتی اتھارٹی نے بی ڈی اے میں ترقیاتی جائزہ اجلاس کے دوران اس بات کاانکشاف کیاتھا کہ 7تعلیمی ادارے سی اے کے سائٹس میں انگریزی ذریعہ تعلیم سے اسکول چلارہے ہیں ان کے علاوہ دیگر بہت سارے تعلیمی اداروں پر بھی الزامات ہیں کہ وہ کنڑا کے بجائے انگریزی ذریعہ تعلیم کے اسکول چلارہے ہیں۔خلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں میں ایسی شکایت بھی ہے کہ کیمپس میں کنڑامیں گفتگو کرنے پر جرمانہ عائد کیاجارہاہے ۔ سی اے کے سائٹ حاصل کردہ ایسے اداروں پرسخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ ماروتی ودیامندر، بی ای یل ، ایچ بی سی یس لے آؤٹ ،سری سداگنگا ایجوکیشنل ٹرسٹ چندرا لے آؤٹ ،گنگا رویندرا ناتھ ٹیگور بنشنکری، کرناٹک معذورین سنگھا ایچ اے یل، سائرہ ایجوکیشن سوسائٹی کندلہلی، سی یم آر گنان دھارٹرسٹ، ایچ آر بی آر سکینڈ بلاک اورسری بسویشورا مہادے ودیالیا، اور یم بی آر لے آؤٹ ،کوخلاف ورزی کرنے والے تعلیمی اداروں کے طورپر نشاندہی کی گئی ہے۔